لاہور ہائیکورٹ نے عوامی تحریک کے کارکنوں کی ضمانتوں کی منسوخی کے لئے دائر حکومت پنجاب کی اپیل مسترد کر دی
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے کارکنوں نے قانون ہاتھ میں لیا،، وہ نہ صرف پولیس اہلکاروں پر فائرنگ میں ملوث رہے بلکہ انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھینا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے عوامی تحریک کے درجنوں کارکنوں کی ضمانتیں منظور کر لیں لہذا عدالت ان ضمانتوں کو منسوخ کرنے کا حکم دے۔ عوامی تحریک کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے اپنی مدعیت میں کارکنوں پر بے بنیاد الزامات کے تحت جھوٹے مقدمات درج کئے اسی بناء پر ٹرائل کورٹ نے ان کی ضمانتیں منظور کیں لہذا درخواست مسترد کی جائے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد حکومت پنجاب کی اپیل مسترد کر دی۔