ایم اے جناح روڈ پر فائرنگ , ملٹری پولیس کے دو اہلکار شہید ، دہشت گرد کارروائی کے بعد فرار

کراچی میں قانون نافذ کرنےوالے ادارے ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر۔ اس بار پولیس اور رینجرز کے بعد اس بار ملٹری پولیس کو نشانہ بنایا گیا، ایم اے جناح روڈ پر گل سینٹرکے قریب موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم دہشت گرد ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اہلکارشدید زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت راشد اور ارشد کے نام سے ہوئی، حوالدارارشد کا تعلق کراچی اورلانس نائیک راشد کا تعلق خیبرپی کے کے ضلع مانسہرہ سے تھا. دوسری جانب دہشت گردی کی کارروائی کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی، تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول برآمد کئے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹرجمیل کے مطابق دہشت گردوں نے ملٹری پولیس کی گاڑی کو پیچھے سے نشانہ بنایا،حساس ادارے کی تحقیقاتی ٹیم نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے جائے وقوعہ کی سرچنگ کرکے شوائد اکھٹے کئے، ایس ایس پی ساوتھ ڈاکٹر فاروق کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے نائن ایم ایم کے خالی خول، ایم اے جناح روڈ کے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور عینی شاہدیں کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، دہشتگردوں کو جلد پکڑ لیں گے
واقع کے بعد حساس اداروں کے افسران، آئی جی سندھ اور رینجرز کے افسران بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پہنچے اور متاثرہ ملٹری گاڑی کا معائنہ کیا