مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، کشمیری 5 دسمبرکو لال چوک کی طرف مارچ کریں گے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے اور مظلوم کشمیریوں کو مظالم سہتے ایک سو پنتالیس دن بیت گئے، نگروٹا کے علاقے میں فوج کیمپ کے گردو نواح میں سرچ آپریشن تیسرے دن بھی جاری ہے، منگل کے دن مجاہدین کے حملے میں سات بھارتی اہلکار ہلاک ہو گئے، حملے کے بعد بھارتی فوج نے ایک بار پھر کشمیریوں کے خلاف آپریشن تیز کردیا، گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ حریت رہنماؤں نے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کی کال آٹھ دسمبر تک بڑھا دی ہے، کل تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کی طرف مارچ کیا جائے گا، پانچ دسمبر کو مغرب کی نماز کے بعد سرینگر کے لال چوک کی جانب مارچ کیا جائے گا، چھ دسمبر کو خواتین احتجاج کیلئے نکلیں گی، سات دسمبر کو کشمیری آزادی مارچ کریں گے، جبکہ آٹھ دسمبر کو آزادی کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ وادی میں مکمل ہڑتال اور متعددعلاقوں میں کرفیو نافذ ہے، بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے۔