قومی اسمبلی نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے متعلق انکم ٹیکس ترمیمی بل 2016 کی منظوری دیدی
قومی اسمبلی نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے متعلق انکم ٹیکس ترمیمی بل دو ہزار سولہ کی منظوری دیدی جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ تاجروں کیلئے حال ہی میں جاری کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی ناکامی کے بعد اب رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اجراءکیا جارہا ہے۔ اسکیم کے تحت رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں اربوں کھربوں روپے کا کالا دھن محض تین فیصد ایڈوانس ٹیکس کی ادائیگی پر سفید کئے جانے کا موقع فراہم کیا جائے گاجس کیلئے ذرائع آمدن بھی نہیں پوچھے جائیں گے۔ تین فیصد ٹیکس خریدار یا انتقال کرنے والے پر لاگو ہوگا جو ڈی سی اور ایف بی آر کی جانب سے حال ہی میں مقرر کردہ جائیداد کی قیمتوں کے درمیان فرق پر لگے گا۔ رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے متعلق ترمیمی بل فوری طور پر نافذ العمل تو ہوگا تاہم ایف بی آر اس کیلئے رولز جاری کرے گا۔ اسکیم ابتدائی طور پر ملک کے ان اکیس بڑے شہروں کیلئے ہوگی جن کیلئے ایف بی آر نے حال ہی میں جائیداد کی نئی قیمتیں مقر ر کی ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے چند روز قبل ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے متعلق سفارشات کی منظوری دیدی تھی جس کو بل کی صورت میں قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔