لاہورکے399 ٹیوب ویلوں کے پانی میں عالمی ادارہ صحت کے معیار سے زیادہ سنکھیا کی مقدارموجودہے۔ ملک ندیم کامران
پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے سبکدوش ہونے ولے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی دہشت گردی کے خلاف خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بھی قوم اور فوج کا مورال بلند رکھتے ہوئے دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے بھرپور صلاحیتیں استعمال کریں گے ۔ وہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک ندیم کامران نے کہا کہ صوبہ کے طول و عرض میں عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کے لئے فلٹریشن پلانٹ لگائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے 399 ٹیوب ویلوں کے پانی میں عالمی ادارہ صحت کے معیار سے زیادہ سنکھیا کی مقدار موجود ہے جسے کم کرنے کے لئے 399 آرسینک لگائے جا رہے ہیں جن میں سے 279 عدد فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ 120 فلٹریشن پلانٹس 2017 ء کے آخر تک کام شروع کر دیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صوبے کے مختلف چھوٹے شہروں میں تین مرلہ اور ایریا ڈویلپمنٹ سکیمیں بنا رہا ہے ۔ پنجاب لینڈز ڈویلپمنٹ کمپنی نے ساہیوال میں کم آمدنی والوں کے لئے ایک سکیم بنائی ہے جس کے تحت تین مرلہ کے 125 گھر اور پانچ مرلہ کے 88 پلاٹ لاہور میں دینے کے علاوہ لاہور، فیصل آباد میں کم آمدنی والوں کے لئے تین سکیمیں بنائی گئی ہیں جن میں آشیانہ فیصل آباد میں 3 مرلہ کے 106 گھر اور 5 مرلہ کے 109 پلاٹ ہیں، آشیانہ قائد لاہور میں دو مرللہ کے 967 گھر اور تین مرلہ کے 952 گھر ہیں، آشیانہ اقبال لاہور میں 6500 اپارٹمنٹ تعمیر کرنے کی منصوبہ کر لی ہے ۔