جنوبی پنجاب صوبےکاقیام آسان کام نہیں، فاٹا کاانضمام ہوچکا ہے,وزیراعظم کو دیسی مرغیوں اورانڈوں کامشورہ میں نےنہیں دیا:صدرمملکت عارف علوی
صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام آسان کام نہیں ، فاٹا کا انضمام ہو چکا ہے،وزیر اعظم کو دیسی مرغیوں اور انڈوں کا مشورہ میں نے نہیں دیا، اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے پربات کہیں نہیں ہورہی۔پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا نے کہا کہ فاٹا کا انضمام ہوچکا ہے، وہاں کے مسائل کو مسلسل دیکھنا پڑے گا، فاٹا کے اضلاع میں آئینی طور پر 25 جولائی تک صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہونے چاہئیں، فاٹا کی تعمیر نو میں دس سال میں ایک ہزار ارب روپے خرچ کرنیکاپروگرام ہے، لیویز اور خاصہ دار فورس کا کوئی اہلکاربے روزگار نہیں ہوگا، مزید 30 ہزار لوگوں کو روزگار دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ آسان کام نہیں، وہاں مشکلات ہیں، اثاثوں کو تقسیم کرنا، پانی کے حصے کا تعین کرنا سمیت دیگر مشکلات ہیں، مسائل کاسامنا ہے لیکن مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اور ناران میں احساس ہوا کہ اگر بغیر منصوبے کے تعمیرات ہوں گی توخوبصورتی ماند پڑ جائے گی، بے ہنگم تعمیرات نے مری کو تباہ کیا ، قدرتی ماحول متاثر کیے بغیر سیاحت کے فروغ کی کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، اس پر بہت توجہ کی ضرورت ہے۔وزیراعظم کی تقریر سے متعلق انہوں نے کہا کہ دیسی مرغیوں اور انڈوں کا مشورہ میں نے نہیں دیا، حکومت اور وزیراعظم سے گذارش کی ہے کہ اپنا کام کرتے رہیں، ردعمل نہ کریں بلکہ اپنے کام سے اپنے راستے کا تعین کریں۔ عارف علوی نے مزید کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کا معاملہ فیڈریشن کا کام ہے، اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے پربات کہیں نہیں ہورہی۔