جنہوں نے کچھ نہیں کیا انہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں، فردوس عاشق
لاہور: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بیورو کریسی میں بے چینی اور عدم اعتماد ہے لیکن جنہوں نے کچھ نہیں کیا ان کو ڈرنے کی ضرورت نہیں وہ کام کریں۔ گورنر ہاؤس پنجاب میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے آج بیوروکریسی اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ نیا مائنڈ سیٹ لے کر آنا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پولیس کو تھانہ کلچر بدلنے کے لیے بھی کہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ہمارے ارکان آپ کے پاس آئیں تو انہیں عزت دیں لیکن کام میرٹ پر کریں۔ طاقتور کے خلاف کمزور کو تحفظ دیں اور بیرون ملک سے آنے والوں کو بھی تحفظ دیا جائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو تین ماہ کا وقت دیا ہے اور ان تین ماہ میں ان دونوں افسران کی کارکردگی کو دیکھا جائے گا۔ آئی جی پنجاب کو جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔