ایڈیلیڈ ٹیسٹ: پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف فالو آن کا سامنا

ایڈیلیڈ: پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہو گئی ہے، ٹیم کو فالو آن کا سامنا ہے۔ پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کر تے ہوئے ایک وکٹ پر دو رنز بنالیے ہیں، امام الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 302 رنز بنا لیے، پوری ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد اب اسے فالو آن کا سامنا ہے، یاسر شاہ 113، بابر اعظم 97 رنز بنا کر نمایاں رہے، مچل اسٹارک نے شان دار بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف 287 رنز کی برتری حاصل ہے۔ قبل ازیں، ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں قومی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے بدستور بے بس نظر آئے، تین ہفتے سے زائد گزارنے کے باوجود بھی پاکستانی ٹیم آسٹریلین کنڈیشنز کو سمجھ نہ سکی، بلے باز جلد بازی میں وکٹیں گنواتے رہے، جب کہ بولرز لائن اور لینتھ کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔ بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر مچل اسٹارک کے ہاتھوں 97 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور دوسری سنچری اسکور نہ کر سکے، دوسری طرف یاسر شاہ نے شان دار بیٹنگ کی اور اپنے کیرئیر کی پہلی سنچری بنائی، یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے بلے باز نے 192 گیندوں کا سامنا کیا، اور اس دوران انھوں نے 12 چوکے لگائے۔ گزشتہ روز تین وکٹیں لینے والے شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔