آصف زرداری پھر میدان میں، جلد پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سے رابطے کریں گے۔

سابق صدر آصف زرداری تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کے بعد سرگرم ہوگئے ہیں اوروہ جلد پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سے رابطے کریں گے۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی جانب سے کوئی بھی کارروائی شروع کرنے سے پہلے عمران خان اور چودھری پرویز الہی کی ملاقات کے نتیجے کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق تازہ ترین صورتحال پر مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی سے دوبارہ رابطہ کیا ہے اور پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لیے مسلم لیگ ن نے پارٹی رہنمائوں اور آصف علی زرداری کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔نئی حکمت عملی کے بعد تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کا ووٹ لینے کے حوالے سے آصف زرداری اور لیگی رہنما پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سے رابطے کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنا پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سے مشروط ہو گا۔