پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے، اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر تاخیر نہیں ہوگی: عمران خان سے پرویز الہٰی کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر تاخیر نہیں ہوگی۔پرویز الہٰی نے زمان پارک لاہور میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اپنا عزم دہرایا۔ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی اور حسین الہٰی بھی موجود تھے۔ پرویز الہٰی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں دے دی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں‘۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے، عمران خان پاکستان کے لیے لازم و ملزوم ہیں‘۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی رپورٹس پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ’اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوق پورا کرے، پہلے کی طرح پھر ناکامی ہوگی‘۔