چوہدری نثار علی خان نے جڑواں شہروں کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک کے دباﺅ کو کم کرنے کیلئے 48 گھنٹے کا وقت دے دیا
وزارت داخلہ میں اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران سے کہا کہ وہ خود کو اپنے دفاتر تک ہی محدود نہ رکھیں۔ بلکہ صورتحال کے جائزے بالخصوص ٹریفک اور سیکیورٹی کی صورتحال جاننے کیلئے جڑواں شہروں کی ہر جگہ کا ذاتی طور دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ سینئر افسران صرف اپنے دفاتر تک محدود رہتے ہیں اور اصل صورتحال سے بے خبر رہتے ہیں جس سے مختلف ایشوز کے باعث عام لوگوں کو مشکلات ہوتی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اے آئی جی آپریشنز اسلام آباد اور آر پی او راولپنڈی کی زیر نگرانی جڑواں شہروں کیلئے 48 گھنٹے کے اندر ایک جامع ٹریفک پلان تیار کیا جائے اور متعلقہ چیف کمشنر اسلام آباد اور کمشنر راولپنڈی کی جانب سے ٹریفک پلان کا مزید جائزہ لیا جائے۔