خیبر پختونخوا پولیس نے میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری کے لیے سعودی انٹرپول سے مدد مانگ لی

01 فروری 2018 (08:17)

خیبر پختونخوا پولیس کی درخواست پر ایف آئی اے نے سعودی عرب میں انٹرپول سے ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری میں تعاون کی اپیل کردی، ایف آئی اے کی جانب سے انٹرپول کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم مجاہد آفریدی کو ڈھونڈ کر گرفتار کرنے اور وطن واپس بھیجنے میں تعاون کیا جائے۔ دوسری جانب پولیس نے مجاہد آفریدی کے گرفتار بھائی صادق آفریدی کو عدالت میں پیش کیا جہاں اس کا 3 روزہ ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا، کوہاٹ میں تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم کے بھتیجے نے رشتے سے انکار پر ایبٹ آباد میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ملزم مجاہد میڈیکل کالج کی طالبہ کو قتل کرنے کے فوری بعد بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے سعودی عرب فرار ہو گیا تھا۔