بھارتی پنجاب میں 17 ہزار ٹیوب ویلز کو کیمیکل ڈال کر زہر آلود کرنے کا انکشاف
بھارتی پنجاب کے بیشتر ٹیوب ویلز کا پانی زہر آلود کر دیا گیا۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی بھارت میں ”تندرست پنجاب“ سکیم کے تحت فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈ منسٹریشن، ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فضائی آلودگی بورڈ نے انکشاف کیا کہ پنجاب بھر میں بیشتر ٹیوب ویلوں کا پانی زہر آلود ہے۔ پنجاب حکومت کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں کلو تیزاب اورمختلف کیمیکل سمیت دیگر اشیاء ضبط کرلیں جبکہ کارروائی کے دوران کمپنی کا مالک موقع سے فرار ہوگیا۔ کمپنی کے ایک اہلکار نے تسلیم کیاکہ ہم گزشتہ 13سال کے دوران 17ہزار ٹیوب ویلوں میں ہزاروں کلوگرام کیمیکل ڈال چکے ہیں۔ مذکورہ کارروائی ”تندرست پنجاب“ سکیم کے ڈائریکٹر کاہن سنگھ پنو کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ انہیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایم آر کیمیکل سیلز کارپوریشن نامی کمپنی ٹیوب ویل کیلئے کھودے جانے والے بورویل میں پانی کے اضافے اور غیر استعمال بند پڑے بورویل کو استعمال کے قابل بنانے کیلئے یہ کمپنی کیمیکل فروخت کرتی ہے جس کے بعد تفتیشی ٹیم نے چھاپہ مار کر 50،50کلو گرام کے 100گیلن کیمیکل و تیزاب برآمدکرکے کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔