بھارت کے سب سے بڑے سیاحتی مرکز ریاست راجھستان میں سوائن فلوسے اموات 76 ہو گئیں
بھارت کے سب سے بڑے سیاحتی مرکز ریاست راجھستان میں سوائن فلوسے اموات 76 ہو گئیں۔ بھارتی حکام کے مطابق پورے ملک میں ”ایچ ون این ون“ نامی وائرس سے ہونے والی ایک تہائی اموات صرف راجھستان میں ہوئی ہیںاور سرد موسم کی وجہ یہ وبا تیزی سے پھیلی ہے۔ راجھستان کے شہر مرعوب کر دینے والے قلعوں اور محلات کی وجہ سے غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں تاہم عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کسی غیر ملکی کا اس وائرس سے متاثر ہونے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ راجھستان کے محکمہ صحت کے ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہراجھستان میں 8700 افراد کے خون کے نمونے لئے گئے تاہم صرف 1976 افراد میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو سکی ہے۔ اس وبا سے سب سے زیادہ راجھستان کا ضلع جودھ پور متاثر ہوئے جہاں 23 افراد اس وبا کی وجہ سے لقمہ اجل بنے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ’نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول‘ کی ٹیم جودھ پور پہنچ چکی ہے، جہاں وہ اس وبا کے پھوٹ پڑنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کرے گی۔ نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک سوائن فلو کے 4571 مریض سامنے آ چکے ہیں اور اس وائرس سے 169 اموات کی تصدیق ہو سکی ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس موسم میں اس بیماری کا پھیلنا عام بات ہے، مگر اس پیمانے پر اس کا پھیلاو، اس برس شدید سرد موسم کی وجہ سے ہے۔