وزیر ریلوے کا کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلانے کا اعلان
راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں 20 کروڑ عوام کی آواز لے کر جا رہا ہوں۔ وزیر ریلوے نے کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلانے کا اعلان بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے کلین اینڈ گرین پاکستان کی ماہانہ مہم کا افتتاح کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار کلین اینڈ گرین مہم چلا رہے ہیں۔ ریلوے میں شکایت سیل بنایا ہے، خود نگرانی کروں گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ تھل ایکسریس شروع کردی گئی ہے۔ نان اسٹاپ جناح ایکسپریس، سرسید اے سی ٹرین کا افتتاح کریں گے، کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلائیں گے۔ 23 مارچ تک آپ بہت بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔