آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 384 رنز بنالئے
ٹرایوس ہیڈ اور برنز کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 384 رنز بنالئے۔ ہیڈ اور برنز نے اپنی ٹیم کو اس وقت سنبھالہ دیا جب اس کے پہلے تین کھلاڑی 28 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ پر 308 رنز کی شراکت دار قائم کرکے نہ صرف اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں بلکہ مہمان ٹیم کے خلاف اپنی ٹیم کی میچ میں پوزیشن بھی مستحکم بنادی۔ ٹرایوس ہیڈ 161 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، یہ انکے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین اننگز کے ساتھ پہلی سنچری بھی تھی۔ جوئی برنز ناقابل شکست 172 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، یہ برنز کے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری تھی۔ سری لنکا کی طرف سے فرنینڈو نے تین جبکہ کرونارتنے نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ جمعہ کو آسٹریلیا کے دارلحکومت کینبرا میں دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ شروع ہوا تو آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ہیرس اور برنز نے اننگز کا آغاز کیا۔ آسٹریلوی ٹیم کے پہلے تین کھلاڑی 28 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ ہیرس آسٹریلیا کے پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بناکر فرنینڈو کی گیند پر کرونارتنے کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، عثمان خواجہ دوسرے آﺅٹ ہونے کھلاڑی تھے جو کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور بغیر کوئی رن بنائے فرنینڈو کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، لبوشگنے تیسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 6 رنز بناکر کرونارتنے کی گیند پر ڈکویلا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ اس کے بعد برنز اور ہیڈ نے ملکر محتاط انداز میں اپنی ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 308 قیمتی رنز بناکر نہ صرف اپنی ٹیم کے مجموعی سکور کو 336 رنز تک پہنچا دیا بلکہ میچ پر آئی لینڈرز کے خلاف اپنی ٹیم کی پوزیشن بھی مستحکم بنادی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کرلیں۔ اس موقع پر ٹرایوس ہیڈ کی عمدہ اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد 161 انفرادی سکور بناکر فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔ جوئی برنز نے ایک اینڈ پر اپنی عمدہ بلے بازی کے تسلسل کو برقرار رکھا۔ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 384 رنز بنالئے تھے۔ جوئی برنز 172 اور پیٹرسن 25 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ تھے۔ سری لنکا کی طرف سے فرنینڈو نے تین جبکہ کرونارتنے نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔