لاہور میں بیت الخلا بنانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے لاہور میں بیت الخلا بنانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان صوبائی دارالحکومت میں گنجان علاقوں میں بیت الخلا بنانے کا مطالبہ کرتا ہے کیونکہ شہر کا دوسرا بڑا عوامی مسئلہ بیت الخلا کا فقدان ہے جس کی وجہ سے لوگ پارکوں، فٹ پاتھوں، پبلک مقامات وغیرہ پر رفع حاجت پر مجبور ہوتے ہیں۔ یہ عمل شہر میں گندگی اور آلودگی بڑھانے کا باعث بن رہا ہے‘ اور شہرکے ماحول پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ بروقت حاجت پوری نہ ہونے کی وجہ سے انسان کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں‘ لہذا اس مقدس ایوان کے اراکین کی متفقہ رائے ہے کہ اس اہم عوامی مسئلے کی طرف توجہ دی جائے اور موثر اقدامات کئے جائیں۔