یومِ جمہوریہ پر کسانوں کا احتجاج ملک کی بے عزتی کی وجہ بنا،مودی
بھارتی وزیراعظم نریندری مودی نے یومِ جمہوریہ پر کسانوں کے احتجاج کو ملک کی بے عزتی قرار دے دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی نے چند ماہ سے جاری کسانوں کے احتجاج پر پہلی بار عوامی سطح پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔مودی نے ریڈیو پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی میں بھارت کے یومِ جمہوریہ پر کسانوں کا احتجاج اور اس سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال ملک کی بے عزتی کی وجہ بنی۔بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ 26 جنوری کو پیش آنے والے واقعے کی وجہ سے بھارتی ترنگے کی توہین پر ملک کو افسوس ہوا۔مودی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت جلد ہی زراعت کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرائے گی، حکومت زراعت کے شعبے کی جدت کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں زرعی اصلاحات کے معاملے پر کسانوں کا احتجاج چند ماہ سے جاری ہے اور ہزاروں کسانوں نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں دھرنے دے رکھے ہیں جبکہ 26جنوری کے روز کسانوں اور پولیس کے درمیان شدید تصادم بھی ہوا جس میں پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا اور اس دوران کسانوں نے نئی دلی کے لال قلعہ پر خالصتان کا جھنڈا بھی لہرایا۔