مریم نواز سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

ذرائع کے مطابق قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں دہشت گرد حملے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا پاکستان کے عوام سے یکجہتی کرتے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پشاور واقعہ بڑا سانحہ ہے، ہر دل مغموم ہے، دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے، مشترکہ کوششوں سے ہی خاتمہ ممکن ہوگا،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم جانی و معاشی نقصانات اٹھائے ہیں،جمہوریت کا تسلسل اور وقت پر انتخابات اہم ہیں جس سے درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ ممکن ہے،دنیا کو پاکستان اور اس کے عوام کی اس مشکل صورتحال میں مدد کرنا ہوگی۔ مریم نواز نے کہا کہ اتحادی حکومت نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ 3 کروڑ 30 لاکھ لوگوں کی بھرپور مدد کی، مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو 100 ارب روپے سے زائد مالی امداد فراہم کی، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مظبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائم مقام ہائی کمشنر نے پارٹی کے سینئر نائب صدر کے عہدے پر تقرری پر مریم نواز کو مبارک بھی دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، مریم نواز نے برطانیہ اور اس کے ادارے ڈیفیڈ کی جانب سیلاب متاثرین کی مدد ، قائم مقام ہائی کمشنر کی آمد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔