جو بھی الیکشن کو 90 دن سے آگے لے کر جائے گا اس پر آرٹیکل 6 لگے گا:عمران خان

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی آڑلے کر الیکشن میں تاخیرکرنا ملک کے ساتھ زیادتی ہو گی، گورنر کے خط سے خدشات بڑھ گئے ہیں، دہشت گردی پی ٹی آئی کے خلاف ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فواد چودھری کو گرفتار کر کے پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، نگراں حکومت ہم پر تشدد کرنے کیلئے لائی گئی ہے، کل پرویز الٰہی کے گھر پولیس بھجوا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر حملے کی جے آئی ٹی کا سارا ریکارڈ سیل کر دیا گیا، ان سب کے پیچھے کون ہے جو اتنا طاقتور ہے؟ جے آئی ٹی کی 16 دسمبر کی فرانزک رپورٹ میں 2 شوٹرز کا ذکر ہے، 3 جنوری کی فرانزک رپورٹ میں کہا گیا ہے 3 شوٹرز تھے، نگراں حکومت جے آئی ٹی کے معاملات میں مداخلت کررہی ہے، ان افسران کو لگایا جا رہا ہے جو اینٹی پی ٹی آئی ہیں۔