پانچ کا ٹولہ بیٹھا رہتا تو سوچیں ملک کا کیا حال ہوتا؟ عہدوں کی محتاج نہیں، اب ن لیگ کی باری ہے، مریم نواز

انہوں نے لندن سے وطن واپسی پر بہاولپور میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تمام ورکرز کو ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کا سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کے شیروں کو سلام کرتی ہوں۔ کنونش میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمارے مخالفین سمجھتے تھے کہ ن لیگ دب گئی ہے لیکن مسلم لیگ ن نہ تو کبھی کمزور ہوئی اور نہ ہی دبی ہے، اب ن لیگ کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ تنظیم کا آغاز بہاولپور سے ہو گا۔ ن لیگ کی بحیثیت چیف آرگنائزر اپنے پہلے عوامی خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے نوجوانوں کے ونگ کو اور مضبوط کریں گے، برے وقت میں جس طرح عوام نے نواز شریف کا ساتھ دیا اس پر میں سلام پیش کرتی ہوں، چار سال میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا، انہوں نے 12 سال اقتدار میں رہنے کا پلان بنایا ہوا تھا، عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا تھا۔