چودہ جنوری کو اسلام آباد کو دنیا کا سب سے بڑا تحریر اسکوائر بنادیں گے۔ ملکی نظام بدلنے تک اسلام آباد سے واپس نہیں آئیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

جناح گراؤنڈ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے تحت جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت بحال کرنے کے لیے سفر شروع ہوچکا ہے۔ اسلام آباد کا لانگ مارچ ملک میں خلافت راشدہ کا نظام نافذ کرنے اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہوگا۔ لانگ مارچ پرامن ہوگا جس سے پاکستانی قوم کا پرامن ہونا ثابت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی بیرونی ایجنڈے پر ملک واپس نہیں آئے، ان کا ایجنڈہ ان کے پیچھے نہیں بلکہ آنکھوں کے سامنے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت جیسی مقدس امانت کو خیانت سے استعمال کیا جارہا ہے جبکہ حکمرانوں نے آئین کے پہلے جملے کو ہی پاؤں تلے روند دیا ہے۔ اب عوام حقوق مانگیں گے نہیں بلکہ آئینی طریقے سے چھین لیں گے۔ انہوں نے انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا اترنے والوں کو ہی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ طاہر القادری نے کراچی اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں جاری دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کومتحد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے پر اسفندیار ولی سمیت اے این پی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔