کراچی:سال نو کے پہلے دن ہی آٹھ افراد دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے۔

دہشتگردی کا بھوت نئے سال کے آغازپربھی کراچی کی سڑکوں پردوڑتا پھررہا ہے جس نے سال نوکے پہلے دن ہی آٹھ افراد کونگل لیا۔ خاموش کالونی کے علاقے میں مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے عبدالرزاق نامی شخص کوموت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ پرانا گولیمارمیں بھی عمران نامی شخص دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنا۔ گلشن اقبال میں سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ ریاض کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ لیاری آگرہ تاج کالونی سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ادھرسائٹ ایریا میں مسلح افراد کی فائرنگ سے فیض الرحمان نامی پولیس اہلکارہلاک ہوگیا۔ کورنگی ضیاء کالونی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص کوقتل کردیا گیا جبکہ شیرشاہ کے علاقے سے دس روز پرانی لاش ملی ہے۔دوسری جانب سہراب گوٹھ میں نعمت اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ اورنگی ٹاون بخاری کالونی سے دو کلو وزنی بم برآمد ہوا جس میں ڈیٹونیٹر، چاربیٹریاں اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائس نصب تھی، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کوناکارہ بنا دیا۔