ڈاکڑطاہرالقادری کے لانگ مارچ میں شریک نہیں ہورہے صرف ان کے موقف کی حمایت کی ہے. الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی خدشہ نہیں. نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالہی
لاہورمیں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے اصلاح کی بات کی ہم اس کی تائید کرتے ہیں، علامہ طاہرالقادری کی حمایت کا مطلب پیپلزپارٹی سے اختلاف نہیں، حکمران جماعت سے مخلوط اتحاد قائم رہے گا اور انتخابات میں جہاں کہیں ضرورت ہوئی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کرینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دھاندلی سے دو الیکشن جیت کر شہباز شریف غلط فہمی کا شکار ہوگئے، وہ انتخابات سے قبل ہی دو تہائی اکثریت لے کرکیٹ واک کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے، ن لیگ کے علاوہ تمام جماعتوں کے الیکشن کمیشن پرتحفظات ہیں۔ چوہدری پرویزالہی نے کہا کہ ن لیگ نے عام انتخابات میں بھی دھاندلی کا جمبو منصوبہ بنایا ہوا ہے، سبسڈی دینے سے صوبے نہیں چلتے، شہبازشریف نے پورے پنجاب کا بجٹ صرف جنگلہ بس سروس پرجھونک دیا ہے اوران کی یہ ڈرامہ بازی زیادہ دیرنہیں چلے گی۔