طالبان کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہونے والی ہے، عوام تماشبینوں اور تماشہ لگانے والوں کی باتوں میں نہ آئیں۔وفاقی وزیر داخلہ

راولپندی میں ریجنل پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں فوج کی طاقت کا غلط استعمال کیا اور اب ایک بار پھر جب کہ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ زیر سماعت ہے، اس سے اپنی جان بچانے کے لیے پاک فوج کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایاکہ طالبان سے بات چیت کا معاملہ آگے بڑھ رہا ہے، مولانا سمیع الحق ، مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر علما سے مدد لی جا رہی ہے۔ حکومتی پالیسوں کی مدد سےکراچی میں چالیس فیصد تک جرائم پر قابو پا لیا گیا ہے، بلوچستان میں بھی وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ کاوشوں اوربہتر حکمت عملی سےامن قائم ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں صوبائی حکومت کی مشاورت سے سٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کی ذمہ داریاں رینجرز کو دی جائیں گی ۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کے لیے وزیر اعظم اہم اقدامات پر غور کر رہے ہیں ، وہ جلد ان اقدامات کا اعلان بھی کریں گے اور حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگائی کا جن جو اس وقت بے قابو ہو چکا ہے اس کو دوبارہ بوتل میں بند کیا جائے، اپوزیشن تقریر یوں میں بلا جواز تنقید کر رہی ہے اور صرف تماشے لگا رہی ہے ۔ عوام ان تماش بینوں اور تماشہ لگانے والوں کی باتوں میں نہ آئیں ۔ ماضی میں حکمرانوں نے اپنے مالشیوں کو بھی بلیو پاسپورٹ جاری کیے جس سے ملک کی عالمی سطح پر بدنامی ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ یکم جنوری سے دس سال کے لیے پاسپورٹ کا اجرء شروع کر دیا جائے گا ۔اور جلد ہی چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کےدارلحکومتوں میں پاسپورٹ کی ہوم ڈلیور ی کی سروس شروع کر دی جائے گی۔