نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کرنے والے منچلوں کے خلاف پولیس بھی الرٹ
نیو ایئر نائٹ پر جہاں ہر کوئی اپنے انداز سے خوشی مناتا ہے وہیں اس دوران منچلے سڑکوں پر ہلڑ بازی کرتے بھی نظر آتے ہیں۔ اسی بات کے پیش نظر پنجاب اور سندھ حکومت نے ایسے منچلوں کے خلاف پولیس کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی۔ شاہراہوں پر ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کو دھر لیا گیا جبکہ
سڑکوں پر ہلڑ بازی کرنے والوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے امن و امان سے متعلق اجلاس میں سال نو کے موقع پر قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا۔ شہبازشریف نے ہدایت کی کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے جبکہ ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔ اسی طرح نیو ایئر نائٹ کے موقع پر کراچی کی انتظامیہ نے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرتے ہوئے سی ویو کے ساحل کو عوام کے لیے بند کردیا۔ نیو ایئر نائٹ پر پولیس نے کنٹینرز لگاکر ساحل کو جانے والے تمام راستے بند کردیئے۔