کم سن گھریلو ملازمہ پر تشدد کے معاملہ میں ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف انکوائری مکمل
ذرائع کے مطابق کم سن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کے معاملہ کی ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد خرم علی خان کے خلاف انکوائری مکمل کر لی گئی۔ انکوائری رپورٹ کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا ہے۔ انکوائری ایڈیشنل سیشن جج اور پولیس افسران کے بیانات کی روشنی میں مکمل کی گئی۔ انکوائری میں مقدمہ اور بچی کے بیانات بھی شامل کیے گئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسڑار نے انکوائری رپورٹ چیف جسٹس انورخان کاسی کو بھجوا دی ہے۔ مقامی این جی او کی اطلاع پر پولیس نے آئی ایٹ میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر طیبہ تشویشناک حالت میں بر آمد کیا تھا۔ کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ نے مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ ایڈیشنل سیشن جج کی اہلیہ نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پمز کے میڈیکل لیگل افسر کی معائنہ رپورٹ کے مطابق طیبہ کے ہاتھ ، آنکھ اور جسم کے دیگر حصوں پر جلنے اور زخم کے نشانات موجود تھے۔