عراق: گزشتہ سال داعش سے تعلق کے جرم میں400 خواتین سمیت 616 غیر ملکیوں کو سزائیں سنائی
عراق میں عدالتوں نے 2018ء میں داعش سے تعلق کے جرم میں 616 غیرملکیوں کو سزائیں سنائیںجن میں 400 سے زیادہ عورتیں اور کم سن لڑکے بھی شامل ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عراقی عدلیہ کے ترجمان عبدالستار بیرقدار نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ 2018ء میں داعش سے تعلق کے الزام میں 616 مرد وخواتین کے خلاف مقدمات چلائے گئے اور انھیں عراق کے انسداِد دہشت گردی قانون کے تحت مختلف سزائیں سنائی گئیں۔ان میں 466 خواتین ، 42 مرد اور 108 کم سن لڑکے شامل ہیں۔تاہم ترجمان نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ انھیں کس نوعیت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔عراقی عدلیہ نے داعش سے تعلق کے جرم میں جن غیر ملکی عورتوں کو سزائیں سنائی ہیں،ان میں زیادہ تر کا تعلق ترکی اور سابق سوویت یونین میں شامل وسط ایشیائی ریاستوں سے ہے۔ان میں بہت سی عورتوں نے اپنے بچوں کے ساتھ عراق کا سفر کیا تھا جہاں ان کے خاوند داعش کی صفوں میں شامل ہو کر عراقی سکیورٹی فورسز یا دوسرے گروپوں سے لڑرہے تھے۔ان میں بعض اب عراق سے اپنے آبائی ممالک کو بے دخلی کی منتظر ہیں۔