نیب لاہور نے2018کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

قومی احتساب بیورولاہور نے2018 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق نیب لاہورنے رواں سال کے دوران 4 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی جبکہ کرپشن کیسز میں 215 ملزموں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق قو می احتساب بیورولاہور نےرواں سال کے دوران احتساب عدالتوں میں مجموعی طور پر74 ریفرنس دائر کیے،ان میں ایون فیلڈ ، آشیانہ اقبال اور اسحاق ڈار کےخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس شامل ہیں.2018 کے دوران نیب لاہور کو رکارڈ 10ہزار98 شکایات موصول ہوئیں،جن میں سے9ہزار207 شکایات نمٹادی گئیں۔قومی احتساب عدالت نےفیروز پور سوسائٹی کیس میں2ارب 22 کروڑ جبکہ ماڈل ہاوسنگ کیس میں 63 کروڑ روپےریکور کئے،3ہزارمتاثرین میں 1 ارب 28 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔گرفتار ملزموں میں سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، ایم این اے خواجہ سعد رفیق، ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق، سابق ایم این اےانجینئر قمر السلام ،سابق ایم پی اے حافظ نعمان، قیصرامین بٹ،عمار گلزار، فواد حسن فواد، احد چیمہ اور رائے اعجازشامل ہیں۔