الیکشن کمیشن کی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانےوالوں کو 15جنوری تک اثاثوں اور اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت

الیکشن کمیشن نے ان ارکان پارلیمنٹ کی فہرست جاری کی ہے جنہوں نے اپنے اثاثوں اور اخراجات کی تفصیلات جمع کرادی ہیں یا ابھی جمع کرانی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر ایک ہزار ایک سو چوہتر ارکان میں سے چار سو تراسی ارکان نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ ایک سو چار سینیٹرز میں سے 61 سینیٹرز نے کمیشن کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔قومی اسمبلی کے 342 ارکان میں سے 155 ارکان نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے 113، سندھ اسمبلی کے 81 خیبرپختونخوا اسمبلی کے 43 اور بلوچستان اسمبلی کے تیس ارکان نے الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔الیکشن کمیشن نے ان ارکان سے جنہوں نے ابھی تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں کہا ہے کہ وہ اس ماہ کی پندرہ تاریخ تک اپنے اثاثوں اور اخراجات کی تفصیلات جمع کرائیں، بصورت دیگر اگلے دن ان کی رکنیت منسوخ کردی جائے گی۔