2019 وعدوں کی تکمیل کا سال ہے،اللہ نے خدمت خلق کا موقع عطا کیا ہے، عبادت سمجھ کر نبھائینگے:عثمان بزدار
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 2019 عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ 2018 میں عوام نے تبدیلی کے نام پر جو مینڈیٹ دیا ، اس کی لاج رکھیں گے۔ عوام کے مسائل اور تکالیف کے ازالے کیلئے نئے سال میں مثبت حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ 2018 میں جس شفافیت کے ساتھ سفر شروع کیا، اسے مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھائیں گے اورعوام کی توقعات اور امیدوں پر پورا اتر کر نئے سال میں نئے پاکستان کو حقیقت میں بدلیں گے۔وہ آج وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں عوام کی بنیادی ضروریات کو نظر انداز کیا گیا اورنمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ ماضی میں قومی اداروں کو کنگال کیا گیا اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ماضی میں زبانی جمع خرچ سے کام چلایاگیااورکرپشن کے ناسور نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا ہے،ہماری حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی۔ تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میںمختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا ،ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیںگے۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔انتھک محنت سے صوبے کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کا روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے اورعوام کی خوشحالی اور صوبے کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دیانت اور خلوص نیت سے کی گئی شبانہ روزمحنت سے عوام کی زندگیو ںمیں بہتری لائیں گے اور تحریک انصاف کی حکومت کا ہر منصوبہ اور پروگرام عوام کی فلاح و بہبود کا آئینہ دار ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن پاکستان کے پر امن ، روشن اور خوشحال مستقبل کا ضامن ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت کی جانب رواں دواں ہے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ان کے مسائل کا فوری حل حکومتی ترجیحات میںاولین ہے۔ہمارا ہر لمحہ عوام کو بہتر مستقبل دینے کیلئے وقف ہے اور تبدیلی کے ثمرات کو نچلی سطح پر پہنچانے کیلئے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے اورمیرٹ، شفافیت اورکرپشن فری کلچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے ہیں،انشاء اللہ 2019 میں پاکستان اپنی اصل منزل حاصل کرے گا۔