بالی ووڈ اداکار قادر خان 81 برس کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کر گئے
بالی ووڈ اداکار قادر خان 81 برس کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کر گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق قادرخان گذشتہ کئی برس سے اپنے بیٹے کے ساتھ کینیڈا میں رہ رہے تھے، شدید علالت کے باعث انہوں نے گزشتہ کئی دنوں سے بات چیت بھی بند کردی تھی اورانہیں سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا جس کے باعث وہ کینیڈا کے ہسپتا ل میں زیرعلاج تھے اورانہیں وینٹی لیٹرپررکھا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔قادرخان کے بیٹے سرفرازنے چند روز قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گذشتہ برس ان کے گٹھنے کا بھی آپریشن ہوا تھا لیکن آپریشن کے بعد سے ہی ان کی حالت خراب ہوتی چلی گئی۔ قادر خان کے بیٹے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پوری فیملی کینیڈا میں رہائش پذیر ہے لہذا میرے والد کی آخری رسومات کینیڈا میں ہی ادا کی جائیں گی۔واضح رہے کہ 81 سالہ اداکار قادر خاننے اپنے 43 سالہ بالی ووڈ کیریئر میں 300 فلموں میں کام کیا ہے اور250 فلموں میں مکالمے لکھے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ منفی کردار بھی بخوبی نبھائے ہیں۔