ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار، شدید دھند نے ہر چیز دھندلا دی
ملک بھر میں شدید دھند کا راج برقرار ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ شدید دھند نے ہر چیز دھندلا دی ہے۔دھند کے باعث پروازیں کا شیڈول متاثر ہے۔ کڑاکے کی سردی اور شدید دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔دھند کے باعث موٹر وے کو بھی مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق ڈرائیوروں کو گاڑی کی رفتار کم،اور فوگ لائٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ہیوی گاڑیوں کو جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر مقامات پر موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے بالائى علاقوں میں شدید سردى کى لہر برقرار رہے گی۔کوئٹہ،ژوب، پشین،قلعہ عبد اللہ ، تربت، کیچ اور پنجگورمیں ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ اسى دوران چترال ، سوات اور دیر کے اضلاع میں ہلکی بارش اور برفباری بھی ہوگى۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم سرد بھی ہو گاجبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت،پشاور ،پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدیددھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقےجبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع شدیددھند کی لپیٹ میں رہے،ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا،سب سے کم درجہ حرارت اسکردو منفی 18،بگروٹ منفی 11، گوپس منفی 09 ، اور استور منفی 08 ڈگرى رہا۔اسی طرح کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی03 زیارت میں منفی07ڈگری ،قلات میں منفی04 ژوب میں منفی01ڈگری سینٹی گریڈ،تربت میں 04، پنجگور میں02ڈگری ،اوڑمارہ میں09، لسبیلہ میں08 ،گوادر ،جیونی میں13 ڈگری سینٹی گریڈ،خضدار میں04ڈگری سینٹی گریڈ،بارکھان02 میں ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ خانیوال ، ملتان ، موہلنوال، مراکہ، مانگا منڈی، پھول نگر ، جمبر ،پتوکی ، رینالہ ،اوکاڑہ ، ساہیوال ،چیچہ وطنی ، میاں چنوں،بستی ملوک ، لودہراں ،بہاولپور، خیرپور، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ، کندھ کوٹ، سیہون، سبی ،باجوڑ،پشاور،بورے والہ، اٹک، میانوالی، شورکوٹ، کبیروالا،کراچی، فیصل آباد، ملتان،شاہ کوٹ، چیچہ وطنی، کلورکوٹ، منچن آباد، کمالیہ، کلر کہار، بنوں ، منکیرہ، پنڈی گھیب، پسرور اور احمد پور سیال میں بھی شدید دھند کا راج ہے۔