ڈبلیو ایچ او نے فائرز ویکسین کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی اجازت دے دی
جنیوا: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے فائزر اور بائیو این ٹیک کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ عالمی وبا کرونا وائرس کی ویکسین کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے، یہ پہلا موقع ہے جب کسی ویکسین کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے آج ہنگامی استعمال کے لئے فائزر اور بایو این ٹیک ویکسین کو منظوری دے دی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے اسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ماریانجیلہ سیماؤ نے اپنے بیان میں کہا کہ کوویڈ 19 ویکسینوں کی عالمی سطح پر رسائی کو یقینی بنانے کے لئے یہ ایک بہت ہی مثبت قدم ہے،لیکن میں کہیں بھی ترجیحی آبادیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ویکسین کی فراہمی کی خاطر زیادہ سے زیادہ عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دینا چاہتا ہوں۔ قابل ذکر ہے کہ دنیا کے متعدد ممالک نے کرونا ویکسین تیار کی ہے لیکن اس وقت ڈبلیو ایچ او نے صرف ان دو ویکسینز کو ہی تسلیم کیا ہے۔