صوبائی وزیر صحت کی زیرصدارت جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے صحت کے شعبہ میں اقدامات بارے اجلاس

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے صحت کے شعبہ میں اقدامات بارے اجلاس منعقد ہوا۔سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے صوبائی وزیر صحت کو صحت اقدامات اور کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔اجلاس میں محکمہ صحت جنوبی پنجاب کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت کے شعبہ میں ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کریں گے۔جنوبی پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر، ڈاکٹروں کی کمی کو پورا اور کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔جنوبی پنجاب کے عوام کو جان بوجھ کر کئی دہائیوں سے صحت کی بہترسہولتوں سے محروم رکھاگیا۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ آج جنوبی پنجاب میں نئے ہسپتال بنانے کے ساتھ ساتھ موجودہ سرکاری ہسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کیا جار ہا ہے۔ماضی میں آبادی بڑھنے کے ساتھ جنوبی پنجاب میں نئے ہسپتال نہیں بنائے گئے۔وزیراعظم عمران خان عام آدمی کو صحت کی بین الاقوامی معیارکی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے صحت کی بہتر سہولیات دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی کی نگرانی میں کورونا وائرس کی صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لیاجا رہا ہے۔جنوبی پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، خالی آسامیوں پر بھرتی اور اوورآل دیکھ بھال کیلئے وافر فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔