پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ،موٹروے بند
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ،جس کے باعث لوگوں کو سفر کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم 3 کو فیض پور انٹر چینج سے سمندری تک شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 11 لاہور سیالکوٹ کو بھی محمود بوٹی سے سمڑیال تک شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ موٹروے ایم 2 کو بھی ٹھوکر نیاز بیگ سے شیخوپورہ تک شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ موٹروے مسافروں کی حفاظت نظر کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اسموگ، فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے، یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔ماہرین کے مطابق موسم گرما جانے کے ساتھ ہی جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مل کر اسموگ بنا دیتی ہے۔اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہوا نہیں چلتی اور درجہ حرارت میں کمی یا دیگر موسمی تبدیلی واقع ہوتی ہے توآلودگی فضاء میں اوپرنہیں جاتی بلکہ زمین کے قریب ہی ایک تہہ بن جاتی ہے اور ان وجوہات کے نتیجے میں یہ غیر معمولی آلودگی کئی کئی دن تک شہرمیں برقرار رہ سکتی ہے۔