کوئٹہ کی احتساب عدالت نے سابق مشیرخزانہ میر خالدلانگو کے ریمانڈ میں مزید چودہ روزکی توسیع کردی
کوئٹہ کی احتساب عدالت میں سابق مشیر خزانہ خالد لانگو اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی خالق آباد سلیم شاہ کو پیش کیا گیا۔ خالد لانگو کو چودہ روزہ ریمانڈ کے بعد چار جولائی کو احتساب عدالت میں پیش کیا جانا تھا مگر نیب نے خالد لانگو کو چار روز قبل ہی عدالت میں پیش کردیا۔ نیب کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ تفتیش کے دوران خالد لانگو کے سات اکاوئنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔ خالد لانگو نے کرپشن سیکنڈل میں ملوث رشتہ داروں کے بارے میں نیب کو بتانے کی حامی بھرلی ہے۔ نیب کے وکلا نے خالد لانگو اور سلیم شاہ کے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ عدالت نے خالد لانگو اور سلیم شاہ کے ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کردی۔ خالد لانگو کو مسلسل چوتھی بارنیب کے حوالے کیا گیا ہے۔ خالد خان لانگو دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر ضلع قلات سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔