پولنگ کے عمل کی مکمل طریقے سے نگرانی کی جائے گی، فضل الرحمن

نگراں سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ 5 ہزار 776پولنگ اسٹیشنوں پر 20 ہزار ڈے نائٹ ویژن کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ پولنگ شروع ہونے سے لے کر ووٹوں کی گنتی اور تمام پولنگ کے عمل اور اس کی تکمیل کی مکمل طریقے سے نگرانی کی جا سکے۔سندھ کابینہ کا اجلاس نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمن کی زیر صدارت منعقد ہوا، تمام نگراں کابینہ کے اراکین، چیف سیکریٹری میجر (ر) اعظم سلیمان، آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری اطلاعات قاضی شاہد پرویز، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ذوالفقار شاہ، متعلقہ سیکریٹریز، چیئرمین نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی ) بریگیڈیئر توفیق احمد اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ کابینہ کے اجلاس میں وقت کی کمی (الیکشن 2018) کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت زیادہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کیلیے وڈیو سرویلنس سسٹم کیلیے سروسز اور آلات کی خریداری کے حوالے سے سندھ پبلک پروکیورمنٹ رولز2009 کے آپریشن کے استثنیٰ کی منظوری دی تھی، انھوں نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں کی نگرانی بہت ضروری ہے جو پولنگ اسٹیشنوں کے آغاز اور پولنگ کا عمل شروع ہونے سے لے کر آخر تک اور پھر ووٹوں کی گنتی اور بیگس(ووٹوں) کی سیل تک کے عمل کی نگرانی کی جا سکے۔