تارکین وطن کی پالیسی پر صدر ٹرمپ کو گذشتہ بدھ کو عوام کے دباؤ کے سامنے جھکنا پڑا
امریکہ میں صدر ٹرمپ کی غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف سخت پالیسی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ہے۔
امریکہ بھر میں 630 احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا جس میں غیر قانونی تارکین وطن کے خاندانوں کو سرحد پر پہنچنے پر منقسم کرنے کے خلاف اور ایک ساتھ رکھنے کے حق میں احتجاج کیا جائے گا۔
دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی، نیو یارک، اور متعدد بڑے شہروں میں یہ مظاہرے کیے گئے ہیں جہاں شرکا کا مطالبہ تھا کہ خاندانوں کو ایک دوسرے سے الگ نہ کیا جائے اور متنازع امیگریشن ایجنسی آئیس کو ختم کیا جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ پالیسی امریکی عقائد کے خلاف ہے۔ منتظمین نے #familiesbelongtogether کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا تھا۔صدر ٹرمپ کی جانب سے متنازع پالیسی کو ختم کرنے کے ایگزیکٹو حکم نامے کے باوجود اب بھی تقریباً دو ہزار بچے اب بھی اپنے والدین سے الگ ہیں۔