جنوبی پنجاب صوبے کی طرف عملی پیش رفت کا آغازہوچکا۔ علیم خان

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تحریک انصا ف کی حکومت عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کر رہی ہے جبکہ ماضی میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔ صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کے علیحدہ صوبے کا وعدہ کیا تھا جو ضرور پورا ہوگا ،پی ٹی آئی کے تمام ارکین اسمبلی وزیر اعظم کے اس وعدے کی تکمیل میں ان کے ساتھ ہیں۔علیم خان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تشکیل کو خو ش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب جنوبی پنجاب کو مزید اختیارات دینگے ،اب دور دراز کے اضلاع کے عوام کو ہر کام کے لئے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کے ماضی کے ادوار میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان محروم عوام کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانا چاہتے ہیں،کیونکہ موجودہ حکومت نمائشی نہیں حقیقی ترقی و خوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔