بلوچستان اسمبلی ہنگامہ آرائی مقدمہ سے اپوزیشن اراکین کے نام خارج
کوئٹہ پولیس نے بلوچستان اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے درج ایف آئی آر سے اپوزیشن اراکین کے نام خارج کر دیئے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اسد ناصر نے مراسلہ بھی جاری کردیا جبکہ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایف آئی آر واپس لینے کے باوجود نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ صوبہ بھر میں حکومت کو جام کرنے کے لئے تحریک کاآغاز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ 11 روز سے اپوزیشن اراکین کا کوئٹہ بجلی روڈ تھانے میں درج ایف آئی آر سے نام نکلوانے کے لئے دھرنا جاری ہے۔ اپوزیشن نے 17اراکین اسمبلی کے نام ایف آئی آر سے نکالنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ملک سکندر ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کی جانب سے ایف آئی آر سے نام نکالنے کا نوٹیفکیشن ہمیں نہیں دیا گیا اور سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا ہے اگر نوٹیفکیشن ہمیں فراہم کیا جاتا تو ہم یہاں سے چلے جاتے، ہمارا فیصلہ ہے کہ جب تک ہمیں نوٹیفکیشن فراہم نہیں کیا جاتا یا ہمیں گرفتار نہیں کیا جاتا ہم اس وقت تک تھانے میں ہی بیٹھے ہیں۔