معروف اداکار انور اقبال طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔
کراچی: معروف اداکار انور اقبال طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی وژن کے سینئر ترین اداکار محمد انور اقبال بلوچ کا انتقال ہو گیا، ان کے داماد شہمرید بلوچ نے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے گزارش کی ہے کہ مرحوم کے لیے دعائیں کریں۔ سینئر آرٹسٹ انور اقبال نے پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے ٹاپ کلاس ڈراموں ’شمع‘ اور ’آخری چٹان‘ سے بے پناہ شہرت حاصل کی، وہ ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار تھے، انھوں نے اردو اور سندھی کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ انور اقبال کی طبیعت کافی عرصے سے ناساز تھی، اور کراچی کے ایک اسپتال میں ان کا علاج جاری تھا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ گردوں کی تکلیف میں ایک عرصے سے مبتلا تھے۔