پاکستان کسی بھی ملک کیخلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیگا: وزیر داخلہ شیخ رشید
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغان سرحد کے ساتھ باڑ لگانے کا عمل دو ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا ۔ آج راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرحد کے ساتھ باڑ لگانے کا کام 88فیصد جبکہ ایرانی سرحد پر 46فیصد کرلیاگیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کیخلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا اور دوسرے ملکوں کو بھی اسے یقینی بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت چاہے گا کہ افغانستان میں امن قائم نہ ہو تاہم پاکستان افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کررہا ہے ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت کو مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہوگا ۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈرون حملے میں پاکستان کے کردار پر بے بنیاد الزام لگانے پر بھارتی وزارت داخلہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ایسے الزامات کے ذریعے کورونا وائرس پر قابو پانے میں اپنی ناکامی چھپانا چاہتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر زور دیا کہ مستقبل میں شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات کیلئے حکومت کا ساتھ دیں ۔