کرپشن کا پیسہ واپس لانے سے لوڈشیڈنگ ختم ہوسکتی ہے۔ شہباز شریف

وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے احتجاجی کیمپ آفس میں ہونے والے اجلاس میں بازو پرسیاہ پٹی باندھ کر شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا لوگوں کو زندگی کے لالے پڑچکے ہیں،اب علی بابا اور چالیس چوروں سے چار سو ارب ڈالر کے سرکلر ڈیٹ کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوئس بینکوں میں موجودرکرپشن کا پیسہ واپس لایاجائے تو لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے توانائی کانفرنس میں مساوی لوڈشیڈنگ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی شدید قلت ہوگئی ہے جس کے باعث وضو کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں رہا، وزیراعلٰی نے کہا کہ علی بابا اور چالیس چوروں سے جان چھوٹنے تک عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ اس سے قبل اجلاس میں واسا حکام نے پانی کی صورتحال پر وزیراعلٰی پنجاب کو بریفنگ بھی دی۔