کراچی میں خونریزی کا سلسلہ نہ رک سکا، فائرنگ کے مختلف واقعات میں چھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے، پانچ افراد زخمی ہوگئے.

صدر آصف علی زرداری کئی روز سے کراچی میں قیام پذیر ہیں لیکن گزشتہ ماہ سے جاری ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ آج بھی ختم نہ ہو سکا۔پہلا واقعہ فیڈرل بی ایریا بلاک سولہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے گھر کے باہر کھڑے وقاص نامی شخص کو گولیاں مارکر ہلاک کردیا۔کھارا در ابل چوک کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے انیس سالہ شاہنواز کو ہلاک کردیا، سرجانی ٹاون خدا کی بستی میں اڑتیس سالہ محبوب، چالیس سالہ غلام قادر اور پنیتیس سالہ نامعلوم شخص کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا جبکہ تین افراد طیب ، عبد القادر اور نعمت زخمی ہوگئے۔ لانڈھی ریڑھی گوٹھ کے قریب رکشہ ڈرائیور فیصل کی دو دن پرانی لاش برآمد ہوئی۔ قائدآباد ، گلستان جوہر اور کورنگی میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک سو تہتر زائد افراد جاں بحق جبکہ دو سو اٹھتر زخمی ہوئے تھے۔