مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے میاں محمد نواز شریف کو وزیراعظم نامزد کر دیا،نوازشریف کا کہنا ہےکہ اگر انہیں سمجھوتوں والی حکومت بنانا پڑتی تو وہ اپوزیشن میں بیٹھنے کو ترجیح دیتے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس نوازشریف کی صدارت میں ہوا،جس میں چودھری نثار نے وزیراعظم کےلیے میاں نوازشریف کانام پیش کیا،جس کی پارلیمانی پارٹی نے توثیق کردی،اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے نوازشریف کاکہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کاشکر ادا کرتے ہیں کہ ہمیں اکثریت دی اور سمجھوتوں کی حکومت سے بچایا.انہوں نے پارلیمانی پارٹی سےدرخواست کی کہ عہد کریں کہ وہ کرپشن کریں گے نہ ہی اس کو برداشت کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جمہوریت کے استحکام کوہمیشہ ذاتی مفاد پرترجیح دی، ہماری نیت صاف ہے اور اللہ نے ہمیں اس کا پھل دیا ہے،نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کےخاتمے کےلیے پانچ سو پچاس ارب روپے کی خطیر رقم درکار ہے ،لیکن ہمیں منصوبہ بندی کے ذریعے آگے بڑھنا ہو گا۔اس سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ قوم نے گیارہ مئی کو اپنا کردار ادا کيا جس پر وہ عوام کے شکرگزارہیں،انہوں نے کہا کہ پرامن طریقے سے انتقال اقتدار خوش آئند ہے، عوام کے ووٹوں کے ذریعے حکومتوں کا آنا جانا بہترہے.