پاکستان ایشیاءو بحر الکاہل کے خطے میں ڈیری مصنوعات تیار کرنے والے تین بڑے ممالک میں شامل

پاکستان ایشیاءو بحر الکاہل کے خطے میں ڈیری مصنوعات پیدا اورتیار کرنے والے تین بڑے ممالک میں شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک وزراعت (ایف اے او) کے اعدادو شمار کے مطابق خطے میں ڈیری مصنوعات کی تجارت سال 2013ءمیں 110 ارب ڈالر سے زائد رہی تھی جس میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ایشیاءو بحرالکاہل کے خطہ میں ڈیری مصنوعات کی پیداوار کے حوالے سے تین بڑے ممالک میں پاکستان ‘ چین اور بھارت شامل ہیں ۔ یکم جون کو ”دودھ کے عالمی دن“ کے موقع پر ایف اے اونے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ڈیری کے شعبہ کی پائیدار شرح نمو کے لئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف مقامی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد حاصل ہوگی بلکہ ضرورت سے زائد ڈیری مصنوعات کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ کما کر دیہی معیشت کو بھی مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ اقتصادی سروے رپورٹ 2016-17ءکے مطابق پاکستان میں دودھ کی پیداوار 5 کروڑ 60 لاکھ 80 ہزار ٹن سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ شعبہ کی ترقی کے حوالے کئے جانے والے اقدامات سے اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔