بھارت کے ساتھ مذاکرات،مزاحمتی اتحاد کی 6رکنی مشاورتی کمیٹی کی سرگرمیوں کا آغاز
مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے حال میں ہی قائم کی گئی6 رکنی مشاورتی کمیٹی نے سید علی گیلانی اور محمد یاسین ملک کے ساتھ ملاقات کی،جس کے دوران انہیں مشاورت کے دوران عملائے جانے والے طریقہ کار کی ہدایت دی گئی۔ مرکز کی طرف سے مذاکراتی عمل کے بیانات کے بعد سید علی گیلانی ،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مزاحمتی قیادت نے گزشتہ دنوں6رکنی ٹیم کا قیام عمل میں لایا،جو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگوں سے مشاورت کر کے انکی آرا کو حاصل کریںگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹیم ما بعد اپنی رپورٹ مشترکہ مزاحمتی قیادت کو پیش کرے گی۔ جمعرات کو غلام نبی زکی، عمر عادل، محمد یاسین بٹ اور شیخ عبدالرشید کے علاوہ غلام نبی نجار اور حکیم عبدالرشید پر مشتمل6رکنی ٹیم نے گیلانی سے انکی رہائش گاہ واقع حیدرپورہ میں ملاقات کی،جس کے دوران ٹیم کو مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں سے ملنے کے دوران اختیار کئے جانے والے طریقہ کار کی جانکاری دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گیلانی کے ساتھ2گھنٹوں تک جاری رہنے والی میٹنگ کے دوران گیلانی نے ممبران پر واضح کیا کہ مختلف مکاتب فکر سے وابستہ لوگوں سے کھلے ذہن کے ساتھ مل کر آرا حاصل کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقعہ پر گیلانی نے ٹیم سے مخاطب ہوکر کیا جموں میں6 لاکھ مسلمانوں کے قتل عام،اور جدوجہد کے حوالے سے پیش کی گئی قربانیوں کی یاد دہانی بھی کرائی جائے۔ذرائع کے مطابق گیلانی نے کہا کہ جدوجہد کو عوامی تحریک بنانے کیلئے لوگوں سے مشاورت ضروری ہے،کیونکہ یہتحریک کسی فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ عوام کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گیلانی نے اس بات کو یاد دلایا1947سے یہ تحریک اس لئے کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوئی،کیونکہ نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی اور دیگر مقامی جماعتیں اس ظلم کی کلہاڑی کا دستہ بنیں،جس سے کشمیریوں کو زیر کیا گیا۔ادھر ما بعد دوپہر یہ ٹیم محمد یاسین ملک سے بھی ملاقی ہوئی،اور قریب2گھنٹوں تک 6رکنی ٹیم اور محمد یاسین ملک کے درمیان گفت و شنید جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق اس موقعہ پر بھی مشاورت کے دوران اپنائے جانے والے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا،جبکہ محمد یاسین ملک نے ٹیم کو باور کرایا کہ وہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں سے ملنے اور مشاورت کے دوران انکی رائے کو حاصل کریں۔ذرائع نے بتایا کہ محمد یاسین ملک نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کچھ لوگ ہڑتالوں کو مزاحمت نہیں سمجھتے،تاہم آج تک انہوں نے ہڑتال کا متبادل بھی پیش نہیں کیالہذا ایسے لوگوں سے آرا حاصل کی جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ6رکنی ٹیم اب میرواعظ عمر فاروق سے ملاقی ہوگی۔ مشترکہ قیادت سے ابتدائی مشاورت کرنے کے بعد ٹیم اپنی سرگرمی کا آغاز کرنے جارہی ہے۔