پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ
عوام پر عید سے قبل پیٹرول بم گرادیا گیا۔ پیٹرول چار روپے چھبیس پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل چار روپے پچاس پیسے مہنگا کردیا گیا۔ قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوگیا ہے۔ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جو تیس جون تک نافذ العمل رہیں گی۔ وزارت خزانہ کی جانب جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں چار روپے چھبیس پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمت ایک سو بارہ روپے اڑسٹھ پیسے مقرر کی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چار روپے پچاس پیسے اضافہ کیا گیا۔ نئی قیمت ایک سو چھبیس روپے بیاسی پیسے ہوگی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت ایک روپے اڑسٹھ پیسے بڑھائی گئی جس کی نئی قیمت اٹھاسی روپے باسٹھ مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے انسٹھ پیسے اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت اٹھانوے روپے چھیالیس پیسے ہوگی۔ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوگیا ہے