فلسطین مسلم امہ کا بنیادی مسئلہ ہے۔ او آئی سی
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے فلسطین کے معاملے کو مسلم امہ کا بنیادی مسئلہ قرار دے دیا۔سعودی عرب میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطین مسلم امہ کا بنیادی مسئلہ ہے، عالمی قراردادوں کے مطابق فلسطین سے اسرائیلی قبضہ ختم کرایا جائے، مقبوضہ بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہے، آزاد اور خودمختار ریاست میں زندگی بسر کرنا فلسطینیوں کا حق ہے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہرقسم کی دہشت گردی، انتہاپسندی اور تعصب پسندی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی گئی۔او آئی سی نے عالمی برادری سے خطے میں امن وسلامتی برقرار رکھنے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کوشہریت، مذہب یا کسی علاقے سے نہیں جوڑا جاسکتا۔او آئی سی نے مذہب اور رنگ نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے نفرت، امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے برداشت، احترام، بات چیت اور تعاون پر زور دیا۔ اور کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے انچارجز پر اسلامی امہ کے درمیان افراتفری،اختلافات دور کرنے کیلئے ذمہ داری ہے۔اعلامیے میں غیراسلامی ممالک میں رہنے والے مسلمانوں سے مکمل تعاون کااعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ غیراسلامی ممالک میں رہنے والے مسلمانوں کے مسائل عالمی فورم پر اٹھائے جائیں،جوائنٹ اسلامک ایکشن سے اوآئی سی ترقیاتی مقاصد حاصل کرسکتی ہے۔